خاتون کو پناہ دلوانے کے بہانے یرغمال بنایا گیا، دوسرے ملزم کی تلاش جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) گھریلو جھگڑے کے بعد مریدکے سے لاہور آنے والی خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں شالیمار پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور خاتون کو پناہ دلوانے کے بہانے اپنے دوست حنیف کے گھر چھوڑ گیا۔ رکشہ ڈرائیور کے جاتے ہی ملزم حنیف نے خاتون کو زنجیروں سے باندھ کر یرغمال بنا لیا اور اپنے دوست کریم کو بھی بلا لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے خاتون سے مبینہ زیادتی کی۔ خاتون نے موقع پا کر 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی، جس پر شالیمار پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم حنیف کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ فرار ملزم کریم کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا کہ خواتین پر تشدد اور زیادتی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، فرار ملزم کو بھی جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔