ٹک ٹاک پر دوستی کے ذریعے اغوا لڑکی ڈیڑھ سال بعد بازیاب

 اغوا کار حمزہ، اس کی ماں نے بدترین تشدد کی وجہ سے یسری انتہائی خوفزدہ تھی
 ملزم حمزہ کا یسری کے ساتھ زبردستی جعلی نکاح ، جنسی زیادتی کا بھی نشانہ بناتا رہا 
کراچی (آئی ا ین پی) اورنگی ٹائو ن کراچی سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ لڑکی کوٹک ٹاک کے ذریعے دوستی کے بعد مبینہ اغوا کے ڈیڑھ سال بعد بازیاب کرالیا گیا، مبینہ اغوا کار کو گرفتار کرلیا گیا ۔رپورٹ کے مطابق سندھ کی صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے اورنگی ٹائو ن جاکر مغویہ یسری اور اہل خانہ سے ملاقات کی، اس موقع پرایم کیو ایم (پاکستان )کے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی نے بتایا کہ یسری کے مطابق اس کو ڈیڑھ سال قبل ٹک ٹاک پر تعلق قائم ہونے پر مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا، مبینہ اغوا کار حمزہ اور اس کی ماں کی جانب سے بدترین تشدد کی وجہ سے یسری انتہائی خوفزدہ تھی، لڑکی کے مطابق ملزم حمزہ نے یسری کے ساتھ زبردستی جعلی نکاح نامہ بھی بنوالیا تھا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ملزم یسری کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا بھی نشانہ بناتا رہا ہے، لڑکی نے موقع پر پاکر ڈیڑھ سال بعد اپنے رشتہ دار سے رابطہ کرکے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کی اطلاع دی، جس کے فوری بعد مقامی ایم پی اے اعجاز الحق کی فوری کاوش سے لڑکی کو بازیاب کروالیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم حمزہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے، متاثرہ خاندان کو تمام طرح کی قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔شاہینہ شیر علی نے مزید کہا کہ خواتین و بچیوں کے ساتھ مظالم کے خلاف سندھ حکومت کی صفر برداشت کی واضح پالیسی ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خواتین و بچیوں پر ظلم کرنے والے ظالموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔