رشتہ کے تنازع پر نوجوان قتل

 بادامی باغ میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ،فرمان مارا گیا ، دوست زخمی پولیس نے 2ملزم دھر لئے
لاہور (کرائم رپورٹر) بادامی باغ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 23 سالہ نوجوان فرمان جاں بحق جبکہ اس کا دوست بادشاہ زخمی ہوگیا۔ بادامی باغ پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔ ایس ایچ او بادامی باغ اور پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ رشتہ کے تنازع کا شاخسانہ سامنے آیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کے چھاپے جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ فائرنگ اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔