عالمی قوانین ہر ملک کو پر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے متعلق سائنسی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں،انٹرویو
تہران( آئی این پی )ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں، ایران کو یورینیم کی افزودگی سے کوئی بھی نہیں روک سکتا۔ ایرانی صدر نے عمانی ٹیلی ویژن کے ساتھ انٹرویو دوران کہا کہ عالمی قوانین ہر ملک کو پر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے متعلق سائنسی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں، ایران ایسے تمام دبائو کو مسترد کرتا ہے اور اپنے اس حق پر قائم ہے۔مسعود پزشکیان نے باور کرایا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں، نہ ماضی میں ایسا چاہا، نہ مستقبل میں ایسا ارادہ رکھتا ہے، کیوں کہ یہ ایران کے عقیدے کے خلاف ہے، تاہم وہ، طبی، زرعی، صنعتی اور سائنسی مقاصد کے لیے افزودگی سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا۔