ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ: شیکھر دھون کا یوٹرن، ایونٹ میں شرکت سے انکار

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ: شیکھر دھون کا یوٹرن، ایونٹ میں شرکت سے انکار

بھارت کے سابق اوپننگ بیٹر شیکھر دھون نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتظمین نے ان کی اجازت کے بغیر اسکواڈ میں نام شامل کیا۔

شیکھر دھون نے ٹورنامنٹ میں شرکت سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے اس معاملے پر قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔سابق بھارتی کرکٹر کو ایشیا واریئرز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، جس میں پاکستانی کھلاڑی افتخار احمد اور سہیل تنویر کے نام بھی سامنے آئے تھے۔تاہم دھون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وضاحت کی کہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم اس معاملے پر مناسب قانونی اقدامات کرے گی۔انہوں نے میڈیا اور مداحوں سے درخواست کی کہ غیر مصدقہ اعلانات پر بھروسا نہ کریں۔

دوسری جانب ٹورنامنٹ کے منتظمین نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ شیکھر دھون ایشیا واریئرز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان کی عدم شرکت کی وجوہات میں شیڈول کے مسائل اور بعض تکنیکی معاملات بتائے گئے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔واضح رہے کہ شیکھر دھون نے 2024ء میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 34 ٹیسٹ، 167 ون ڈے انٹرنیشنل اور 68 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔