ویب ڈیسک: فٹبال کی دنیا کے دو بڑے نام لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر خبروں کی زینت بنے، لیکن اس بار وجہ میدان میں کامیابی نہیں بلکہ کلب ورلڈ کپ میں شرکت سے محرومی اور انکار ہے۔
میسی کی ٹیم انٹر میامی کلب ورلڈ کپ سے باہر
ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار لیونل میسی کی امریکی فٹبال ٹیم انٹر میامی کو کلب ورلڈ کپ میں بڑا دھچکا لگا ہے، جب اسے پی ایس جی (پیرس سینٹ جرمین) نے یکطرفہ مقابلے میں 0-4 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔تمام گولز پہلے ہاف میں ہی ہوئے، جبکہ پی ایس جی کی جانب سے جواؤ نیویس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گول کیے۔میچ کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انٹر میامی کی دفاعی حکمت عملی کمزور رہی اور ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ میں نظر آئی۔
رونالڈو کا کلب ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار
دوسری جانب فٹبال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو نے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔ سعودی کلب النصر کے ساتھ 2 سالہ نئے معاہدے پر دستخط کے بعد جاری کردہ ویڈیو پیغام میں رونالڈو نے کہا:"میرے پاس کچھ پیشکشیں تھیں کہ میں کلب ورلڈ کپ کھیلوں، لیکن میں نے سوچا یہ کوئی معنی نہیں رکھتا۔ میرے لیے بہتر ہے کہ میں مکمل آرام کروں اور اچھی تیاری کے ساتھ آگے بڑھوں۔"انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ترجیح النصر اور پرتگال کی قومی ٹیم ہے، اسی لیے وہ خود کو یورپا نیشنز لیگ کے آخری میچ تک محدود رکھ رہے ہیں تاکہ مکمل فٹنس اور تیاری کے ساتھ کھیل سکیں۔
ماہرین کی رائے
کھیلوں کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لیونل میسی کی ٹیم کی شکست اور رونالڈو کا انکار اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں سپر اسٹار اب اپنے کیریئر کے اختتامی مراحل میں ذہانت سے فیصلے لے رہے ہیں تاکہ طویل المدتی فٹنس برقرار رکھی جا سکے۔