پاکستانی اداکارہ اور فلم ساز حریم فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ ہانیہ عامر کو شوبز انڈسٹری میں پہلا موقع دیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان نے حریم فاروق سے پوچھا کہ کیا انہوں نے ہانیہ عامر کو متعارف کرایا تھا؟ اس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ بالکل، انہوں نے ہی ہانیہ عامر کو متعارف کرایا تھا۔حریم فاروق کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ پہلی مرتبہ فلم پروڈیوس کر رہی ہیں، تاہم ایسا نہیں ہے۔انہوں نے ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہانیہ نے بلندیوں تک پہنچنا تھا اور انہوں نے ابتدا ہی میں ان کی صلاحیتوں کو پہچان لیا تھا۔واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے 2016ء میں کامیڈی فلم ’جاناں‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ اس وقت وہ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھیں۔حریم فاروق اس فلم کی شریک پروڈیوسر تھیں اور انہوں نے اس میں مختصر کردار بھی ادا کیا تھا۔ ہانیہ عامر کالج کے زمانے میں اپنی ڈب میش ویڈیوز کے باعث بھی مقبول ہوئی تھیں۔
فلم ’جاناں‘ میں اداکاری پر ہانیہ عامر کو بہترین معاون اداکارہ کے لیے لکس اسٹائل ایوارڈ کی نامزدگی بھی ملی۔ بعد ازاں انہوں نے ’نامعلوم افراد 2‘، ’پھر وہی محبت‘ اور ’پرواز ہے جنون‘ سمیت متعدد فلموں اور ڈراموں میں کام کیا۔ڈرامہ ’میرے ہمسفر‘ میں فرحان سعید کے ساتھ ان کی اداکاری کو خاصی مقبولیت ملی، جبکہ 2025ء میں وہ بھارتی پنجابی کامیڈی فلم ’سردار جی 3‘ میں بھی نظر آئیں۔