پاکستان کی اداکارہ، پروڈیوسر اور میزبان حریم فاروق نے محبت، رومانس اور اپنے آئیڈیل لائف پارٹنر کے بارے میں دلچسپ خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے یہ بات حال ہی میں نجی میگزین کے یوٹیوب پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوتے ہوئے کہی۔آئیڈیل لائف پارٹنر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حریم فاروق نے کہا کہ ”مجھے خوبصورت انداز اور فلمی چیزیں پسند ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ میرا شہزادہ میرے لیے بگی لے کر آئے، ایسا شخص ہی میرا شہزادہ ہوگا۔“رومانس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کافی رومانوی ہیں اور ان کے لیے محبت کا مطلب یہ ہے کہ ایک دوسرے کے لیے جدوجہد کریں، ناممکن کو ممکن بنا دیں۔ حریم فاروق نے کہا، ”ہم سب چاہتے ہیں کہ کوئی ہمارے لیے لڑے، ہمارا ساتھ دے، عزت و احترام کرے، اور جب کوئی آپ کے لیے خود کو بدلتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اس نے واقعی آپ کو پانے کے لیے محنت کی ہے۔“اداکارہ نے واضح کیا کہ محبت میں لوگوں کو بدلنا درست نہیں، لیکن خود کو بدلنا اس بات کی علامت ہے کہ آپ اپنے پیارے کو تکلیف نہیں دینا چاہتے۔
انہوں نے محبت کی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ”محبت ایک جھٹکے میں انسان کو ہلا کر رکھ دیتی ہے۔“دل ٹوٹنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے حریم فاروق نے بتایا کہ ”میرا بھی دل ٹوٹا اور اس وقت ایسا محسوس ہوا جیسے پوری دنیا بکھر گئی ہو۔ میں تقریباً ایک ماہ تک بہت اداس رہی، لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ زندگی خوبصورت ہے، اور یہ دنیا کا اختتام ہرگز نہیں ہوتا۔“یہ انٹرویو حریم فاروق کی ذاتی اور جذباتی کہانی کے ساتھ ان کے رومانی رجحانات اور محبت کے اصولوں کی عکاسی کرتا ہے۔