لاہور: پاکستانی اداکارہ اور پروڈیوسر حریم فاروق کی نئی فلم ’مینگو جٹ‘ کی لانچنگ تقریب میں ان کے نئے انداز نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی، جہاں ان کے لباس اور اسٹائلنگ پر مختلف آرا سامنے آئیں۔
حریم فاروق نے تقریب میں پنجابی طرز کے ملبوسات کا انتخاب کیا۔ انہوں نے ایپل گرین رنگ کی مختصر سلک کُرتی کے ساتھ بیج اور سی گرین جامہ وار کی گھیر دار شلوار اور آرگنزا دوپٹہ زیب تن کیا۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے ان کے لباس کی فٹنگ اور مجموعی اسٹائلنگ پر تبصرے کیے گئے۔کچھ سوشل میڈیا صارفین نے لباس کی فٹنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ بعض تبصروں میں اداکارہ کے ظاہری حلیے اور وزن کو بھی موضوع بنایا گیا۔ دوسری جانب متعدد صارفین نے ایسے ذاتی نوعیت کے تبصروں پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ گفتگو کو لباس، فٹنگ اور اسٹائلنگ تک محدود رکھنا چاہیے۔حریم فاروق ان دنوں ’مینگو جٹ‘ کی تشہیری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ فلم میں وہ فیصل قریشی کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی، جبکہ شمعون عباسی سمیت دیگر اداکار بھی فلم کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
’مینگو جٹ‘ کو ہیمیم پروڈکشنز کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے اور فلم میں ایکشن، کامیڈی، رومانس اور خاندانی جذبات کو شامل کیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی ایک پولیس افسر کے گرد گھومتی ہے جو ایک خاتون اور اس کے بچوں کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھالتا ہے۔فلم کا ٹریلر 17 ستمبر کو لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران جاری کیا گیا، جبکہ فلم کو 16 اکتوبر 2026 کو سینما گھروں میں پیش کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حریم فاروق کے مطابق ’مینگو جٹ‘ ان کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے اور یہ ان کی پہلی سولو پروڈکشن بھی ہے۔