منشیات فروشوں کی شامت ، رواں سال 6ہزار گرفتار

 5 ہزار 870 مقدمات درج، 2 ہزار 200 کلو چرس، 720 کلو آئس برآمد 
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں سال 6 ہزار 84 ملزمان کو گرفتار کر کے 5 ہزار 870 مقدمات درج کر لیے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 ہزار 200 کلوگرام چرس، 720 کلوگرام آئس اور 113 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ پولیس نے 439 کلوگرام بھنگ، 53 کلوگرام افیون اور 25 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی قبضے میں لی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات فروشی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور منشیات کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت اقدامات کی ہدایت کی۔ سی سی پی او کا کہنا تھا کہ منشیات سے پاک لاہور ہمارا عزم ہے اور اس مقصد کے لیے کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔