ڈھائی لاکھ میں 3منٹ کی دنیا کی مہنگی ترین واٹس ایپ کال کا انکشاف

کراچی کی جیل میں مالدار قیدیوں سے کال کے عوض ڈھائی لاکھ وصول کیے جاتے ہیں 
جیل کا یومیہ ایک کروڑ کا سسٹم چلانے میں رضوان میمن عرف رضوان گنجا کا گروہ ملوث ہے 
 ایسی کاروائیوں سے بچنے کیلئے جیل واٹس ایپ کا پاسورڈ ہر ہفتے تبدیل کرتے ہیں:سپرنٹنڈنٹ 
کراچی (آئی این پی ) کراچی کی سینٹرل جیل میں قید مالدار کاروباری شخصیات کی ان کے اہلخانہ وکلا یا دوستوں سے واٹس ایپ پر کال کرائے جانے کے عوض15ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے وصول کیے جانے کا انکشاف ہواہے۔سپرینٹنڈنٹ سینٹرل جیل عبدالکریم عباسی نے سوال کرنے پر لاعلمی ظاہر کی اور بتایا کہ وہ ایسی کاروائیوں سے بچنے کیلئے جیل کے واٹس ایپ کا پاسورڈ ہر ہفتے تبدیل کرتے ہیں۔ میڈیارپورٹ کے مطابق جیل ذرائع نے بتایا کہ جیل کا یومیہ ایک کروڑ روپے کا سسٹم چلانے میں رضوان میمن عرف رضوان گنجا کا گروہ ملوث ہے۔ جو حوالہ ہنڈی، گٹکا اسمگلنگ، کاروباری تنازعات میں گرفتار میمن برادری کے ملزمان کو پرتعیش قید کیلئے سہولتیں دلوانے میں اہم کردار ہے۔اسی گروہ نے گزشتہ روز میمن برادری کے ایک بلڈر کو بی کلاس دلانے کیلئے 25 لاکھ روپے وصول کیے اور پھر اس بلڈر کی کسی شخصیت سے واٹس ایپ پر 3 منٹ کی بات کرانے کیلئے ڈھائی لاکھ روپے وصول کیے۔جیل میں موبائل فون نیٹ ورک بند ہونے کی وجہ سے سینٹرل جیل کا وائی فائی استعمال کیا جاتا ہے۔ عام حالات میں ایسی کالز کے کم سے کم 15 ہزار روپے تک وصول کیے جاتے ہیں۔ رضوان میمن کی فون کالز پر کسی بھی طرح کے قیدیوں، اہلخانہ یا ملاقاتیوں کو جیل میں وی آئی پی پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ یہی نہیں رضوان میمن کا گروہ قیدیوں کو جیل کے اسپتال یا جناح اسپتال کے اسپیشل وارڈ منتقل کرنے کیلئے ملینز میں وصولیاں کرتا ہے۔