قومی ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ملک بھر میں واٹس ایپ اکاؤنٹس ہائی جیک ہونے کا الرٹ جاری کردیا
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملے خطرناک حد تک بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے اور قومی ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ملک بھر میں واٹس ایپ اکاؤنٹس ہائی جیک ہونے کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ نیشنل سرٹ کے مطابق پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملے خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں،ملک بھر کے کاروباری اور دفتری واٹس ایپ اکاؤنٹس بھی شدید خطرے میں ہیں، سائبر مجرم جعلی کالز، فیک لنکس، او ٹی پی اور کیو آر کوڈز کے ذریعے اکاؤنٹس پر قبضہ کر رہے ہیں۔نیشنل سرٹ کے مطابق حملہ آور واٹس ایپ سپورٹ، ٹیلی کام اہلکار یا جاننے والے بن کر صارفین کو دھوکہ دے رہے ہیں، اکاؤنٹ ہائی جیک ہونے کے بعد صارف کی شناخت استعمال کر کے فراڈ اور پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔ ، نیشنل سرٹ نے ٹو اسٹیپ ویریفیکیشن اور ریکوری ای میل کو اکاؤنٹ کے تحفظ کے لیے لازمی قرار دے دیا ہے اورکہا ہے کہ متاثرہ صارف فوری واٹس ایپ ری انسٹال کر کے نمبر دوبارہ ویری فائی کریں۔ واٹس ایپ اکاؤنٹس فوری محفوظ کریں اور مشکوک سرگرمی رپورٹ کریں۔