محکمہ مال میں کروڑوں کی بدعنوانی، 6 پٹواری برطرف

زمینوں کے ریکارڈ میں ردوبدل اور رشوت کے الزامات ثابت ہونے پر کارروائی 
حمزہ حسن، احمد رضا، احسن نعمان، محمد اکرم، ضیاء اللہ اور طارق کو فارغ کردیا گیا 
بہاولنگر(خصوصی رپورٹ)محکمہ مال میں مالی بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کے سنگین انکشافات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے 6 پٹواریوں کو عہدوں سے برطرف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق اسسٹنٹ کمشنر ندیم ارشاد کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی نے شواہد اور بیانات کی روشنی میں رپورٹ مکمل کی جس میں زمینوں کے ریکارڈ میں ردوبدل، فرضی انتقالات، رشوت ستانی اور غیر قانونی مالی لین دین کے ثبوت سامنے آئے۔ رپورٹ میں الزامات ثابت ہونے پر پٹواریان حمزہ حسن، احمد رضا، احسن نعمان، محمد اکرم، محمد ضیاء￿ اللہ اور طارق آمین کو ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار کروڑوں روپے کے مالی گھپلوں میں ملوث تھے اور زمینوں کی حد بندی و انتقالات کے دوران بھاری رشوتیں وصول کرتے رہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام محکمہ مال میں جاری بدعنوانی کی جڑیں ختم کرنے کی سمت اہم پیش رفت ہے، مزید افسروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔