تاجر برادری بلا خوف و خطر اپنی تجارتی سرگرمیاں جاری رکھے:ایس پی سٹی
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ایس پی سٹی نے شہریوں کو بلا جھجھک مارکیٹوں اور بازاروں میں خرید و فروخت جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام تجارتی مراکز، املاک اور بازاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،تاجر برادری بلا خوف و خطر اپنی تجارتی سرگرمیاں جاری رکھے، پولیس اہلکار ہر سطح پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مستعد ہیں۔ایس پی سٹی نے واضح کیا کہ امن و امان کو خراب کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال یا مدد کی ضرورت پیش آنے پر فوراً پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔ ایس پی سٹی نے کہا کہ آپ کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔