پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لیے حکومتیں معنی نہیں رکھتیں، لیکن اگر انصاف نہ ملا تو ’’گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلے تو ٹیڑھی کرنی پڑے گی‘‘۔
یہ بیان انہوں نے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کی بڑی تعداد عدالت پہنچی، جن میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، سابق اسپیکر اسد قیصر، وکیل سلمان اکرم راجا اور دیگر رہنما شامل تھے۔اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ عدالت میں ہر آئینی اور قانونی پہلو واضح کیا جائے گا، جب کہ سلمان اکرم راجا نے اظہارِ امید کیا کہ عدالت نومنتخب وزیراعلیٰ کے حلف کے احکامات جاری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ "90 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں، اب رکاوٹ ڈالنا سراسر آئین و قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔"جنید اکبر نے مزید کہا کہ یہ ہمارا آئینی حق ہے، امید ہے عدالت انصاف کرے گی۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، "یہ کون لوگ ہوتے ہیں جو قبولیت کی باتیں کرتے ہیں، کل کو سی سی پی او پشاور کہے گا کہ یہ لوگ ہمیں قبول نہیں، فیصلہ عوام نے کرنا ہے کسی ادارے نے نہیں۔"سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب قانونی طریقے سے ہوا ہے، اور ہائیکورٹ سے توقع ہے کہ آج ہی حلف برداری یقینی بنائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاسی چالیں چل لے، مگر سب جانتے ہیں کہ تمام عمل آئینی اور شفاف طریقے سے ہوا ہے۔انہوں نے اپوزیشن کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے مسائل سنگین ہیں، ’’آئیں، مل کر عوامی مسائل حل کریں۔‘‘