ویب ڈیسک: کئی روزہ مندی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج زبردست تیزی دیکھی گئی جبکہ ڈالر کی قیمت میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی، 100 انڈیکس میں 3743 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے بعد انڈیکس 1,62,187 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا رہا۔گزشتہ روز مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث 100 انڈیکس 5 ہزار سے زائد پوائنٹس گر گیا تھا، جس سے سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ تاہم آج مارکیٹ کے مثبت رجحان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا ہے۔
دوسری جانب ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 6 پیسے سستا ہو گیا ہے، جس کے بعد امریکی کرنسی 281 روپے 10 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بڑی وجہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ جاری مثبت مذاکرات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری بتائی جا رہی ہے۔