پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس 2 ہزار 802 پوائنٹس بڑھ گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس 2 ہزار 802 پوائنٹس بڑھ گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران تیزی کا رجحان برقرار ہے، جہاں کاروبار کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2 ہزار 802 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 74 ہزار 815 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

انڈیکس میں 1.63 فیصد اضافے کے ساتھ سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں کے حصص میں بھرپور خریداری دیکھی گئی، جبکہ کاروبار کے دوران مارکیٹ ایک لاکھ 76 ہزار 604 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچی۔مارکیٹ میں تیزی کے دوران آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے حصص میں نمایاں خریداری دیکھنے میں آئی۔ ان شعبوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی نے انڈیکس کو اوپر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مارکیٹ ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں ممکنہ کمی کی توقعات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد خطے میں کشیدگی کم ہونے اور امریکا ایران تنازع کے سفارتی حل کی امیدوں نے بھی عالمی مالیاتی منڈیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان جیسے تیل درآمد کرنے والے ملک کے لیے درآمدی بل اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی کی توقع پیدا ہوتی ہے، جسے سرمایہ کار معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے مثبت پیش رفت سمجھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن میں بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس تقریباً 4 ہزار پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 72 ہزار 13 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس سے مارکیٹ میں مسلسل تیزی کا رجحان ظاہر ہوتا ہے۔