ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد، بھارتی کرکٹ کے اسٹار ویرات کوہلی کے حوالے سے یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے بھی ریٹائر ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ویرات کوہلی نے اپنی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے ساتھ 2026 کے سیزن کے لیے نیا کمرشل معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد ان کے آئی پی ایل مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کوہلی نے یہ فیصلہ ممکنہ طور پر نوجوان کھلاڑیوں کو فرنچائز میں جگہ دینے کے لیے کیا ہے، تاہم ابھی تک نہ تو کوہلی اور نہ ہی آر سی بی کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، معاہدہ نہ بڑھانے کا مطلب لازمی طور پر مکمل ریٹائرمنٹ نہیں ہے — امکان ہے کہ وہ ٹیم کے ساتھ کسی اور کردار میں وابستہ رہیں یا معاہدے کی شرائط پر نظرِثانی چاہتے ہوں۔ویرات کوہلی نے آئی پی ایل کے تمام 18 سیزنز میں آر سی بی کی نمائندگی کی اور وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک ہی فرنچائز کے لیے سب سے زیادہ رنز اسکور کیے۔ 2024 کے سیزن میں آر سی بی نے پہلی بار آئی پی ایل ٹرافی جیتی، جو ویرات کوہلی کا برسوں پرانا خواب تھا۔