ویرات کوہلی آئی پی ایل میں سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکور بنانے والے کھلاڑی بن گئے

ویرات کوہلی آئی پی ایل میں سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکور بنانے والے کھلاڑی بن گئے

ویب ڈیسک:آئی پی ایل 2025ء کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں رائل چیلنجرز بینگلورو (آر سی بی) کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا۔

پنجاب کنگز کے خلاف کھیلتے ہوئے ویرات کوہلی نے ناقابلِ شکست 73 رنز 54 گیندوں پر بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کرایا۔ یہ ان کی آئی پی ایل کی 59ویں ففٹی تھی، جس کے ساتھ انہوں نے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آئی پی ایل تاریخ میں سب سے زیادہ 50 یا اس سے زائد رنز بنانے والے بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ان کے ریکارڈ میں اب 59 نصف سنچریاں اور 8 سنچریاں شامل ہیں۔پنجاب کنگز کی جانب سے دیے گئے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوہلی اور نوجوان بیٹر دیودت پڈیگل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز جوڑے۔ پڈیگل نے بھی 35 گیندوں پر جارحانہ 61 رنز بنائے۔

آر سی بی نے یہ ہدف 7 گیندیں باقی رکھتے ہوئے 7 وکٹوں سے حاصل کر لیا۔ کوہلی کی اس اننگز کو کرکٹ شائقین اور ناقدین نے خوب سراہا، اور ایک بار پھر ان کے عزم، مستقل مزاجی اور کلاس کے معترف ہو گئے۔ویرات کوہلی کی یہ کارکردگی نہ صرف آر سی بی کی فتح کا سبب بنی بلکہ انہوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے قابلِ بھروسا اور مستقل پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔