صورتحال سنجیدہ اور پریشان کن ہے‘ بھارت نے جنگ کو آگے بڑھایا تو نیوکلیئر جنگ ہو سکتی ہے‘نیلم جہلم پر حملہ کیا ہے، جب ایسی صورتحال ہوگی تو جواب تو دینا ہوگا
پاکستان پر کسی طرح کا عالمی دباؤ نہیں‘بھارت نے پہل کی ہے تو اس کا جواب دیا ہے، دوبارہ جارحیت کی گئی تو دوبارہ جواب دیا جائے گا:وزیردفاع کی نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بھارت کے ساتھ صورتحال کشیدہ ہے اور بھارتی آبی ذخائر کو نشانہ بنانا بھی ایک آپشن ہو سکتا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ صورتحال تاحال سنجیدہ اور پریشان کن ہے اور اس کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ جنگ مزید آگے بڑھ سکتی ہے۔ نیلم جہلم پر حملہ کیا ہے، جب ایسی صورتحال ہوگی تو جواب تو دینا ہوگا۔ اگر اس حکمت عملی پر اتفاق ہوا تو بھارتی آبی ذخائر کو جوابی نشانہ بنانا بھی ایک آپشن ہو سکتا ہے۔پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے پر تحقیقات کی پیش کش اب بھی موجود ہے۔ موجودہ جنگی صورت حال میں تجارتی بات نہیں ہو سکتی، تمام ذرائع فی الحال بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر کسی طرح کا عالمی دباؤ نہیں ہے، بھارت نے پہل کی ہے تو ہم نے اس کا جواب دیا ہے، دوبارہ جارحیت کی گئی تو دوبارہ جواب دیا جائے گا۔
دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا اگر بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو نیوکلیئر جنگ ہو سکتی ہے۔ نیوکلیئر جنگ کی صورت میں ساری ذمے داری بھارت پر عائد ہو گی۔ بھارت اس وقت خود ایک بڑے داخلی بحران سے دو چار ہے، ایٹمی جنگ کا خطرہ حقیقت ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، بھارت کی جارحیت خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔