دہشتگرد پارٹی کا الزام؛ مرکزی مسلم لیگ کا مریم نواز کو قانونی نوٹس، معافی کا مطالبہ

دہشتگرد پارٹی کا الزام؛ مرکزی مسلم لیگ کا مریم نواز کو قانونی نوٹس، معافی کا مطالبہ

لاہور: مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پارٹی کے خلاف مبینہ ہتک آمیز اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

 نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مریم نواز سات روز کے اندر الزامات پر معافی مانگیں، سوشل میڈیا سے متعلقہ پوسٹیں حذف کریں اور آئندہ ایسے بیانات دینے سے گریز کریں۔پارٹی کی جانب سے جاری کردہ قانونی نوٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس (ٹوئٹر) اور الیکٹرانک میڈیا پر مرکزی مسلم لیگ کو مبینہ طور پر ’غیر قانونی پارٹی‘ اور ’دہشت گرد پارٹی‘ قرار دیا۔ مرکزی مسلم لیگ نے ان بیانات کو ہتک آمیز اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔نوٹس میں مریم نواز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سات روز کے اندر اپنے الزامات پر معافی مانگیں اور ایکس سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے متعلقہ پوسٹیں حذف کریں۔ اس کے علاوہ انہیں تحریری یقین دہانی کرانے کا بھی کہا گیا ہے کہ وہ مستقبل میں اس نوعیت کے الزامات نہ دہرائیں گی، نہ شائع کریں گی اور نہ ہی کسی دوسرے ذریعے سے پھیلائیں گی۔

قانونی نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ سات روز کے اندر معافی نہ مانگی گئی تو مرکزی مسلم لیگ اپنے قانونی حقوق استعمال کرتے ہوئے مزید کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔یہ قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایات پر ایڈووکیٹ محمد عامر حبیب کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے۔نوٹس کے مطابق پارٹی نے 2024 کے عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان ’کرسی‘ پر حصہ لیا تھا، جبکہ 8 نومبر 2026 کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں بھی دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔