دہشتگردی سے متعلق بیان پر بیرسٹر گوہر کا وزیراعلیٰ مریم نواز سے معافی کا مطالبہ

دہشتگردی سے متعلق بیان پر بیرسٹر گوہر کا وزیراعلیٰ مریم نواز سے معافی کا مطالبہ

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے دہشتگردی سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دہشتگردی سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت اور ’را‘ کے ملوث ہونے کی بات سامنے آئی ہے، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان متعصبانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب کے علاوہ کوئی اور ایسا بیان دیتا تو اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہوتی۔ دہشتگردی جیسے حساس معاملے پر قومی سیاسی قیادت کو سنجیدہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے معاملے پر نہ پوائنٹ اسکورنگ ہونی چاہیے اور نہ ہی سیاسی بیانات دیے جانے چاہئیں۔ ان کے مطابق ملک کے شہری اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں۔نئے صوبوں کے قیام سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے اور اس پر بحث ہونی چاہیے، تاہم صوبوں کے قیام کے لیے متنازع قانون سازی نہیں کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی مرضی کے بغیر سندھ کو تقسیم کیا گیا تو وفاق کمزور ہوگا۔ ان کے مطابق سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں عوام اور منتخب نمائندوں کی مرضی کے بغیر تقسیم سے مزید پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، اس لیے ملک میں ایسے تجربات نہیں کیے جانے چاہئیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نیا پارلیمان وجود میں آنے کے بعد صوبوں کے معاملات کو دیکھے اور اس حوالے سے اٹھارہویں ترمیم کی طرح باہمی مشاورت کا راستہ اختیار کیا جائے۔ ان کے بقول جلد بازی میں صوبوں کے قیام کا فیصلہ وفاق کی یکجہتی کے خلاف ہوگا۔مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات کی پیشکش پہلے بھی کی گئی، تاہم اب اس معاملے پر عملی پیش رفت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے خود سے کچھ کرنے کی کوشش کی تو عوام کا سیلاب آئے گا۔بیرسٹر گوہر نے سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بھرپور استقبال کیا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کی کراچی واپسی میں رکاوٹیں ڈالنے کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں باہر نکلے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا عوام کی جانب سے استقبال اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ لوگ اسٹیٹس کو نہیں چاہتے۔