تہران: ایران کی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں تینوں جہازوں میں آگ لگ گئی اور انہیں اپنا سفر روکنا پڑا۔
ایرانی حکام کے مطابق متاثرہ آئل ٹینکرز مبینہ طور پر ایرانی اجازت کے بغیر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دو آئل ٹینکرز نے اپنے ریڈار اور مقام کی نشاندہی کرنے والے نظام بند کر رکھے تھے اور خفیہ طور پر غیر مجاز راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔بیان کے مطابق دونوں آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکوں کی زد میں آئے اور ان میں آگ بھڑک اٹھی۔دوسری جانب ایران کی روایتی بحریہ نے ایک تیسرے آئل ٹینکر سے متعلق بھی دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی بحریہ کے مطابق یہ جہاز آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع ایک غیر محفوظ اور ممنوعہ قرار دیے گئے علاقے سے گزر رہا تھا، جبکہ اس کا ٹریکنگ اور شناختی نظام بھی بند تھا۔
ایرانی بحریہ کے بیان میں کہا گیا کہ تیسرا آئل ٹینکر بھی بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی اور اسے سفر روکنا پڑا۔واضح رہے کہ ایران نے فروری میں امریکا کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے اپنی اجازت کو لازمی قرار دے رکھا ہے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ غیر مجاز طریقے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔