آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگوں سے تین آئل ٹینکرز میں دھماکے اور شدید آگ لگنے کا دعویٰ

آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگوں سے تین آئل ٹینکرز میں دھماکے اور شدید آگ لگنے کا دعویٰ

تہران: ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران تین آئل ٹینکرز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں جہازوں پر شدید دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔ ایرانی حکام نے متاثرہ بحری جہازوں کو خلاف ورزی کرنے والے ٹینکرز قرار دیا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی ’آئی آر آئی بی‘ اور پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے مطابق تینوں آئل ٹینکرز نے آبنائے ہرمز میں مقررہ اور مجاز بحری راستوں کی خلاف ورزی کی تھی۔ ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ جہازوں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد شدید دھماکے ہوئے اور ان میں آگ لگ گئی۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے ان واقعات کے بعد بحری جہازوں اور شپنگ کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں ایرانی حکام کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستوں اور ہدایات پر عمل کریں۔ ایران کا مؤقف ہے کہ غیر مجاز راستوں سے گزرنے والے جہاز سمندری بارودی سرنگوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔تاہم ایرانی حکام نے متاثرہ تینوں ٹینکرز کے نام، ان کے ملک، مالکان، عملے کی تعداد یا ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔ جہازوں کو پہنچنے والے نقصان اور آگ کی شدت کے بارے میں بھی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں۔ واقعے کی آزادانہ تصدیق تاحال نہیں ہو سکی۔

 آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے حوالے سے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں خام تیل اور دیگر توانائی کی مصنوعات مختلف ممالک کو منتقل کی جاتی ہیں۔ اس گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی کشیدگی یا بحری آمدورفت میں رکاوٹ عالمی تیل کی سپلائی، توانائی کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت کو متاثر کر سکتی ہے۔ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں یہ تازہ دعویٰ خطے کی بحری سلامتی سے متعلق خدشات میں مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں اور بحری راستوں کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات پہلے ہی کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں۔