آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئے

آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئے

 ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز میں ایسے بحری راستے سے گزر رہے تھے جسے ایران نے غیر مجاز قرار دیا تھا۔ اسی دوران دونوں جہاز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے اور آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ایرانی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ حکام نے تاحال متاثرہ آئل ٹینکرز کے نام، ان کی ملکیت اور ان پر موجود عملے سے متعلق معلومات بھی ظاہر نہیں کیں۔

بیان میں یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آگ لگنے کے بعد دونوں جہازوں کی موجودہ صورتِ حال کیا ہے اور آیا واقعے میں کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔دوسری جانب اس واقعے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ متعلقہ بحری جہازوں کی انتظامیہ یا دیگر حکام کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی تفصیلی ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کے مختلف ممالک کو خام تیل اور دیگر توانائی کی مصنوعات پہنچائی جاتی ہیں۔ اس اہم آبی راستے میں کسی بھی قسم کی فوجی کشیدگی یا بحری جہازوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات سے عالمی جہاز رانی اور توانائی کی منڈیوں پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔