پائونڈ کیس:عمران خان ،بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

 جسٹس سرفراز ڈوگر،جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویڑن بنچ 18 نومبر کوسماعت کریگا
 وکلا ملاقات کے بعد سیاسی بات نہیں کرینگے،گزشتہ سماعت کاتحریری حکم نامہ جاری 
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پائونڈ کیس بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردیں،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ 18 نومبر کو اپیلوں پر سماعت کرے گا،دریں اثنا بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات کے بارے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم حکم نامہ بھی سامنے آگیا،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے گذشتہ سماعت کا دو صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کیا، جس میں عدالت نے کہاکہ جیل میں ملاقات کے بعد سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ سیاسی معاملات پر بات نہیں کریں گے، دونوں وکلا انتہائی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں خود کو صرف قانونی معاملات تک ہی محدود رکھیں گے،ایڈووکیٹ جنرل ملاقات کرائیں گے جس کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہو گا۔