گاڑیوں کے پرکشش نمبرز کیلئے ای آکشن ایپ پر رجسٹریشن جاری

 خواہشمند شہری 30 نومبر تک اپنی پسند کے نمبر کی نیلامی میں حصہ لے سکتے 
لاہور(خصوصی رپورٹ)گاڑیوں کے پرکشش رجسٹریشن نمبرز کی ماہ نومبر میں ہونے والی آن لائن نیلامی کیلئے پی آئی ٹی بی اور محکمہ ایکسائز پنجاب کے اشتراک سے وضع کردہ ای آکشن ایپ اور ویب پورٹل پر رجسٹریشن جاری ہے۔ خواہشمند شہری 30 نومبر تک گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کروا کر اپنی پسند کے نمبر کی نیلامی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ای آکشن پلیٹ فارم پر موٹر سائیکلوں، موٹر کاروں اور کمرشل گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز کی نیلامی میں حصہ لینے کی سہولت دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ کامیاب بولی دہندگان کی تفصیلات بھی ای آکشن ایپ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ ای آکشن پلیٹ فارم شہریوں کو اپنی پسند کے رجسٹریشن نمبرز کے حصول کیلئے ایک جدید، آسان اور شفاف ڈیجیٹل سہولت فراہم کر رہا ہے، جس کے ذریعے وہ کسی دفتر جائے بغیر آن لائن نیلامی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام نیلامی کے عمل کو مزید سہل اور مؤثر بنانے کے ساتھ شفافیت کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو رہا ہے۔