راولپنڈی: اینکر ربیعہ قتل کیس میں گرفتار شوہر احسن کے بیان اور میاں بیوی کے تعلقات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کی بھی تفتیش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اپنی ازدواجی زندگی اور سیلون کے تنازعے سے متعلق تفصیلی بیان دیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ربیعہ اور احسن کے درمیان سیلون کے معاملے پر ایک مرتبہ جھگڑا ہوا تھا۔ ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس نے 2010 میں ربیعہ سے پسند کی شادی کی تھی اور دونوں ایک نجی بینک میں ملازمت کرتے تھے۔ بعد ازاں دونوں نے ایک موبائل نیٹ ورک کمپنی میں بھی کام کیا، جبکہ ربیعہ کو برٹش ہائی کمیشن میں ملازمت کا موقع بھی ملا۔ملزم کے مطابق کورونا وبا کے دوران ربیعہ نے اسلام آباد میں اپنا سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا تو اس نے کاروبار میں اپنی اہلیہ کا ساتھ دیا۔ تاہم سیلون میں کام کرنے والی دو خواتین کے درمیان تنازعے کے باعث میاں بیوی کے درمیان ناراضگی پیدا ہوئی۔احسن نے دعویٰ کیا کہ سیلون کی ایک ملازمہ نے دوسری کو ملازمت سے نکلوانے کے لیے اس پر تعلقات کا الزام عائد کیا تھا۔ ملزم کے مطابق اس نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے ربیعہ کو یقین دلایا، جس کے بعد دونوں کے درمیان ناراضگی ختم ہوگئی تھی۔
ملزم نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اس واقعے کے علاوہ 16 سالہ ازدواجی زندگی میں ان کے درمیان کوئی بڑا تنازع نہیں ہوا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ شام کو ربیعہ کے ساتھ جم جاتا تھا جہاں دونوں بیڈمنٹن بھی کھیلتے تھے۔ احسن نے ربیعہ کو محنت کے ذریعے اپنا مقام بنانے والی پیشہ ور خاتون قرار دیا۔دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق دونوں میاں بیوی کے موبائل فونز کے تجزیے میں باہمی ناراضگی یا مسلسل خراب تعلقات کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ گرفتار ملزم احسن نے بھی اپنے بیان میں ازدواجی زندگی میں مسلسل کشیدگی کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔