نیتن یاہو نے غزہ میں شہری ہلاکتیں روکنے کے وعدے بار بار توڑے، جو بائیڈن کا انکشاف

نیتن یاہو نے غزہ میں شہری ہلاکتیں روکنے کے وعدے بار بار توڑے، جو بائیڈن کا انکشاف

واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے غزہ جنگ کے دوران فلسطینی شہریوں کی ہلاکتیں کم کرنے سے متعلق امریکی مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرانے کے باوجود اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا۔

بائیڈن نے اپنی نئی یادداشتوں پر مشتمل کتاب Promise Me, America میں انکشاف کیا ہے کہ نیتن یاہو متعدد مرتبہ شہریوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی یقین دہانی کراتے رہے، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری رہا۔سابق امریکی صدر کے مطابق غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد انہوں نے اسرائیلی حکومت پر مسلسل زور دیا کہ فوجی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس معاملے پر نیتن یاہو سے متعدد نجی ملاقاتوں اور ٹیلی فونک گفتگو میں بھی بات کی۔

جو بائیڈن نے اپنی کتاب میں لکھا کہ اسرائیلی وزیراعظم بھی اس بات کو تسلیم کرتے تھے کہ فلسطینی شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتیں اسرائیل کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور اس کے نتیجے میں جنگ کے لیے امریکا کی حمایت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔بائیڈن کے مطابق نیتن یاہو امریکی مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی تو کراتے تھے، لیکن ان یقین دہانیوں کے باوجود ایسی فوجی کارروائیاں جاری رہتی تھیں جن میں مزید فلسطینی شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے۔