تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں نصب امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار کو نشانہ بنایا ہے، تاہم حملے کے نتیجے میں ریڈار کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں اور اس دعوے کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ بحرین میں امریکی ریڈار کو نشانہ بنانے کی کارروائی ایران کے جنوبی علاقے میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر مبینہ فضائی حملے کے جواب میں کی گئی۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بتایا کہ ایران کے صوبے ہرمزگان کے ضلع سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے ردعمل میں بحرین میں امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار پر کارروائی کی گئی۔ایرانی دعوے میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ریڈار کو کس نوعیت کا نقصان پہنچا یا حملے کے نتیجے میں امریکی فوجی تنصیب کی فعالیت متاثر ہوئی یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر ایرانی دعوے کی تصدیق ہوجاتی ہے تو ستمبر کے اوائل کے بعد خلیجی ملک میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے متعلق یہ اپنی نوعیت کا پہلا دعویٰ ہوگا۔یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع میں بظاہر عارضی اور نازک وقفہ موجود ہے۔ یہ جنگ 28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی، جس کے بعد کشیدگی نے خطے کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔