راس الخیمہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے، حادثے کے بعد امدادی اداروں نے فوری طور پر کارروائیاں شروع کردیں جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
اماراتی حکام نے منگل کے روز حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ایمبولینس سروس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔وزارت داخلہ کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران جائے حادثہ کو محفوظ بنایا گیا جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی ضروری انتظامات کیے گئے۔ متعلقہ اداروں نے حادثے کے بعد صورت حال کو کنٹرول کرنے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔اماراتی وزارت داخلہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔ وزارت نے شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ حادثے سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات یا افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔واضح رہے کہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں پیش آنے والا یہ دوسرا بڑا ٹریفک حادثہ ہے۔ اس سے قبل 12 نومبر کو ریاست فجیرہ میں متعدد گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔