بھارت: 17 سالہ انڈر 19 خاتون کرکٹر کی مبینہ خودکشی

بھارت: 17 سالہ انڈر 19 خاتون کرکٹر کی مبینہ خودکشی

تلنگانہ: بھارت کی ریاست تلنگانہ میں بی سی سی آئی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم کی 17 سالہ کھلاڑی نندنی نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، واقعے کے بعد اہلخانہ اور رشتے داروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو مبینہ طور پر ہراسانی کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان خاتون کرکٹر نندنی کی لاش ضلع ویکارآباد میں واقع ان کی نانی کے گھر سے ملی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔نندنی کی مبینہ خودکشی کے بعد اہلخانہ اور رشتے داروں نے احتجاج کرتے ہوئے انیل اور کرشنا نامی دو نوجوانوں پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ انیل گزشتہ کئی روز سے محبت کے نام پر نندنی کا پیچھا کر رہا تھا اور اسے مسلسل ہراساں کیا جا رہا تھا، جس کے باعث وہ شدید پریشانی کا شکار تھی۔نندنی کے اہلخانہ نے کرشنا پر بھی انیل کا ساتھ دینے اور مبینہ طور پر ہراسانی میں معاونت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوانوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

دوسری جانب پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق نندنی کا موبائل فون قبضے میں لے کر فارنزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے تاکہ فون میں موجود پیغامات، کال ریکارڈ اور دیگر شواہد کی مدد سے واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔پولیس نے نندنی کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر مشتبہ موت کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام الزامات اور دستیاب شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں۔پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد نندنی کی لاش اہلخانہ کے حوالے کردی گئی ہے، تاہم نوجوان خاتون کرکٹر کی موت نے اہلخانہ، رشتے داروں اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔