وزیراعظم نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو معدنی وسائل کی تلاش کی دعوت دیتے ہوئے تحفظ کی یقین دہانی کرادی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کے دوران پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوگئے،وزیراعظم نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو معدنی وسائل کی تلاش کی دعوت دیتے ہوئے تحفظ کی یقین دہانی کرادی۔فورم کے دوران ایک اہم اعلان فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی جانب سے کیا گیا، جس میں بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تانبے کے ذخائر کا تخمینہ 35 کروڑ ٹن لگایا۔ یہ تخمینہ اب تک تجزیے کے لیے دستیاب ڈرلنگ ڈیٹا کے تقریباً نصف کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ اس اعلان نے پاکستان میں معدنیات کی تلاش کے وسیع امکانات اور فورم میں پیش کیے گئے سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید اجاگر کیا۔