جنرل عاصم منیر کا امریکا کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کومزید گہرا اورمتنوع بنانے کی خواہش کااظہار
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے وفد نے جیک برگ مین کی قیادت میں ملاقات کی، وفد میں تھومس سوزی اور جوناتھن جیکسن بھی شامل تھے، ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی، فریقین نے باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور سٹریٹجک مفادات پر مبنی راوبط کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ترجمان پاک فوج نے کہا امریکی ارکان کانگریس نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار، پاکستان اور اس کے لوگوں کے عزم اور سٹریٹجک صلاحیت کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے پاکستان کی خودمختاری کیلئے اپنے احترام کا اعادہ کرتے ہوئے سکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے شعبوں میں وسیع البنیاد دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے وفد کا پاکستان کے دورے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔