بالی ووڈ کی سینیئر اداکارہ اور فلمی شخصیت کامنی کوشل 98 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
وہ طویل عرصے سے مختلف صحت کے مسائل کا سامنا کر رہی تھیں اور حالیہ دنوں میں ان کی صحت نازک حالت میں تھی۔کامنی کوشل کا جنم 24 جنوری 1927 کو لاہور میں معروف ماہرِ نباتات پروفیسر ایس آر کشیپ کے گھر ہوا تھا، جن کا اصل نام اُما کشیپ تھا۔ وہ دو بھائیوں اور تین بہنوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ ان کے والد کا انتقال صرف سات سال کی عمر میں ہو گیا تھا۔ بچپن سے ہی باصلاحیت اور تعلیم میں نمایاں رہنے والی اُما کشیپ نے صرف دس سال کی عمر میں اپنا پپٹ تھیٹر (کٹھ پتلی تھیٹر) بنایا اور آل انڈیا ریڈیو پر ڈراموں میں حصہ لیا۔
فلم ساز چیتن آنند نے انہیں ریڈیو پر سنا اور ان کی دل کش آواز سے متاثر ہو کر فلمی میدان میں آنے کی پیشکش کی۔ چونکہ چیتن آنند کی بیوی کا نام بھی اُما تھا اور وہ خود بھی اس فلم کا حصہ تھیں، اس لیے انہوں نے اُما کشیپ کا فلمی نام کامنی کوشل رکھا۔کامنی کوشل نے 1946 میں فلم "نیچا نگر" سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے "روپا" کا کردار ادا کیا۔ یہ فلم چیتن آنند کی پہلی فلم بھی تھی۔ صرف 20 سال کی عمر میں، وہ شہرت کے عروج پر پہنچ گئی تھیں۔ ان کے دوسرے دور کی اداکاری میں خاص طور پر منوج کمار کے ساتھ ان کے ماں کے کردار بہت مقبول ہوئے۔
ان کی نمایاں فلموں میں شامل ہیں:
شہید (1948)
ندیا کے پار (1948)
آگ (1948)
ضدّی (1948)
شبنم (1949)
آرزو (1950)
بیراج بہو (1954)
فلم "بیراج بہو" کے لیے انہیں 1954 میں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔ کامنی کوشل اپنی اداکاری اور خوبصورتی کے باعث بھی مشہور رہیں۔ انہوں نے ہر دور کے ستاروں کے ساتھ کام کیا اور اپنی اداکاری سے فلمی دنیا میں اپنا مقام بنایا۔
حالیہ دور میں وہ فلم "کبیر سنگھ" میں شاہد کپور کی دادی کے کردار میں نظر آئیں، جبکہ "چنّئی ایکسپریس" میں شاہ رخ خان کی دادی کے کردار میں دکھائی دیں۔ ان کی وفات سے بالی ووڈ اور فلمی دنیا کو ایک بڑا نقصان پہنچا ہے، اور ان کی یادیں ہمیشہ رہیں گی۔