لاہور(کرائم رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں سول لائنز اور سٹی ڈویڑنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔سی سی پی او لاہور نے سکھ یاتریوں، غیر ملکی مہمانوں اور پاکستان، سری لنکا، زمبابوے کے مابین کھیلی جانے والی ٹرائی نیشن ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لیے جامع پلان تشکیل دینے کی ہدایات دیں۔انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیوں کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئس اور دیگر منشیات فروشی کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ ڈالا کلچر اور اسلحہ کی نمائش میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں۔اجلاس میں غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی کے لیے کارروائیاں تیز کرنے اور اسلحہ لائسنس سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔سی سی پی او لاہور نے نقب زنی اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں مؤثر حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رہائشی علاقوں میں انتظامیہ کے تعاون سے سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور بیریئرز لگانے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سیلف سکیورٹی کے اصولوں سے آگاہ کرنا بھی پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ سے قیامِ امن میں مدد ملے گی۔ انہوں نے انوسٹی گیشن ونگ کو ہدایت کی کہ زیرِ تفتیش مقدمات مقررہ وقت میں نمٹائے جائیں۔