کسٹمز انفورسمنٹ نے جعلی دستاویزات پر رجسٹرڈ 25 کروڑ مالیت کی 3 گاڑیاں پکڑ لیں
گاڑیوں کے جعلی رجسٹریشن کارڈز برآمد ،جعلسازوں کیخلاف مقدمات درج
لاہور(کرائم رپورٹر )ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں نان کسٹمز پیڈ گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کرنیوالا گروہ سرگرم،کسٹمز انفورسمنٹ نے جعلی دستاویزات پر رجسٹرڈ 25 کروڑ روپے سے زائد مالیتی 3 گاڑیاں پکڑ لیں۔ترجمان کے مطابق قیمتی گاڑیاں فیک آکشن اور جعلی امپورٹ دستاویزات پر رجسٹرڈ کی گئیں،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں رجسٹریشن کیلئے غیر ملکی سفارتخانے کی گاڑی کی جعلی دستاویزات بھی استعمال کی گئیں،پکڑی جانیوالی 3 گاڑیوں کی مالیت 25 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، ایکسائز لاہور میں رجسٹرڈ لینڈ کروزر اے پی این 328 ،اسلام آباد میں بی سی یو 666 نمبر کے تحت بھی رجسٹرڈ کی گئی، ایکسائز لاہور میں رجسٹرڈ لینڈ کروزر اے ایف ایم 239 ،کراچی میں بی این 500 نمبر کے تحت رجسٹرڈ کیا۔ نان کسٹمز پیڈ رینج روور کی رجسٹریشن کیلئے غیر ملکی سفارتخانے کی گاڑی کے کاغذات استعمال کئے گئے۔کسٹمز انفورسمنٹ لاہور نے تینوں گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔ کسٹمز حکام نے گاڑیوں کے جعلی رجسٹریشن کارڈز بھی برآمد کر لئے اورجعلسازوں کیخلاف مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔