یورپی یونین کا کم قیمت درآمدات پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنیکا فیصلہ

 چین سے آنیوالی سستی درآمدات کے بڑھتے سیلاب کو روکا جا سکے گا :وزرائے خزانہ
یورپی پارلیمنٹ :2040 تک کاربن گیسز کے اخراج میں 90 فیصد کمی کا ہدف منظور
برسلز (خصوصی رپورٹ)یورپی یونین کے وزرائے خزانہ نے فیصلہ کیا کہ کم قیمت آن لائن آرڈرز پر لاگو ٹیکس چھوٹ ختم کی جائے گی، تاکہ چین سے آنے والی سستی درآمدات کے بڑھتے سیلاب کو روکا جا سکے۔ یہ اقدام خاص طور پر ریٹیل پلیٹ فارمز ٹی مو اور شین جیسی کمپنیوں پر اثر انداز ہوگا۔ یورپی عہدیدار کے مطابق27رکن ممالک ایک آسان اور عارضی نظام پر کام کر رہے ہیں تاکہ یہ اقدام 2028 کے بجائے آئندہ سال ہی نافذ کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مقامی کاروباروں کو غیر منصفانہ مسابقت سے بچانے کے لیے اہم قدم ہے۔دوسری جانب یورپی پارلیمنٹ نے جمعرات کو 2040 تک کاربن گیسز کے اخراج میں 90 فیصد کمی کے ہدف کی منظوری دے دی، جو گزشتہ ہفتے رکن ممالک کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کی توثیق ہے۔ 379 ارکان نے حق میں اور 248 نے مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ ماحولیاتی تنظیموں نے اس فیصلے کو کاغذی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کئی کمزوریاں موجود ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت 2036 سے بین الاقوامی کاربن کریڈٹس بھی شامل ہوں گے۔ ایوان نے ای ٹی ایس 2 نظام کے نفاذ کو 2028 تک موخر کرنے اور ہر دو سال بعد پیش رفت کا جائزہ لینے کی تجویز بھی منظور کی۔