وزیر دفاع تاجکستان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

وزیر دفاع تاجکستان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

دورہ پاکستان پر موجود تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل صابر زادہ امام علی عبدالرحیم نے جمعہ کو جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔

 اس دوران ان کی جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مذاکرات میں دونوں فریقین نے موجودہ ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو مزید بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔ خاص طور پر تربیت، انسداد دہشت گردی، اور علاقائی سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ تاجک وزیر دفاع نے پاکستان فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی استحکام اور امن کے فروغ میں اس کے کردار کو تسلیم کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تاجکستان کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ یہ ملاقات پاک فوج اور تاجکستان کی فوج کے مابین دوطرفہ تعاون کے مستقبل کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دی گئی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی کے قیام میں تعاون مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔