توہین آمیز مواد کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کیلئے تحریک کا اعلان

 وی پی این کے استعمال سے نوجوانوں کو تباہ کیا جارہا ہے، نئی نسل کو بچایا جائے،طاہر اشرفی کا علما ومشائخ کانفرنس سے خطاب
 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) پاکستان علما کونسل کا توہین آمیز مواد کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کے لیے تحریک کا اعلان کردیا۔چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے علما ومشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹیں ہورہی ہیں۔حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ وی پی این کے استعمال سے نوجوانوں کو تباہ کیا جارہا ہے، ایف آئی اے میں سائبر کرائم کیسز کا انبار لگا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ توہین آمیز مواد کو ہٹانے کے لیے ہر فورم سے رجوع کر رہے ہیں جب کہ توہین آمیز مواد باہر سے آرہا ہے، سوشل میڈیا پر منفی مواد سے طلبہ اور نوجوان متاثر ہو رہے ہیں۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علما کونسل مواد کو ہٹانے کے لیے تحریک کا اعلان کرتی ہے، منفی مواد کے خلاف پی ٹی اے کے اقدامات کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توہین مذہب ہوتے ہوئے کیا ہم خاموش رہ کر دیکھتے رہیں، ہمیں اپنا مذہب، اپنا وطن زیادہ عزیز ہے ہمیں یہ مادر پدر قسم کی آزادی عزیز نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہم پی ٹی اے، وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ اور سلامتی کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک کی اساس کے خلاف مواد کو روکا جائے۔علامہ طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ کوئی فائر وال لگائیں یا وی پی این بند کریں، جو بھی کریں قوم کی نئی نسل کو بچایا جائے۔