دہشتگردوں، ڈاکوئوں کیخلاف ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ

کچے میں ڈرون دہشت گرد و شرپسند عناصراور ڈاکوئوں کیخلاف موثر کارروائیوں کا ذریعہ بن سکتے ہیں،آئی جی پنجاب 
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے دشوار گزار، پہاڑی علاقوں، گنجان آبادیوں اور کچے کے علاقوں میں دہشت گردوں، ڈاکوئوں اور شر پسندوں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق واہ انڈسٹریز لمیٹڈ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے انسپکٹر جنرل پنجاب عثمان انور سے ملاقات کی، وفد نے آئی جی پنجاب کو ادارے کے تیار کردہ مختلف ڈرونز اور ان کی صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب نے وفد کو دہشت گردوں، ڈاکوئوں کے خلاف موثر کارروائی کے لیے فورس کی ضروریات سے آگاہ کیا، پنجاب پولیس نے جدید سرویلنس و مانیٹرنگ سسٹم اور اسلحہ سے لیس ڈرونز کے حصول میں دلچسپی کا اظہار کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایمونیشن لے جانے اور گرانے والے ڈرون دہشت گرد و شرپسند عناصر، ڈاکوئوں کے خلاف موثر کارروائیوں کا ذریعہ بن سکتے ہیں، ڈرونز کے ذریعے شر پسند عناصر کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ، قلع قمع کرنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے وسیع ایریا کی فضائی سرویلنس، سکیورٹی و ٹریفک اقدامات بھی یقینی بنانا ممکن ہے، بین الصوبائی چوکیوں پر دہشت گردوں کے بڑھتے حملوں کے پیش نظر ڈرون ٹیکنالوجی کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے۔