پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کو تین ہفتوں کی راہداری ضمانت دے دی

پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کو تین ہفتوں کی راہداری ضمانت دے دی

ویب ڈیسک:پشاور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو تین ہفتوں کے لیے راہداری ضمانت دے دی ہے۔

 یہ فیصلہ اُن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر کیا گیا، جس میں انہوں نے مختلف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔سماعت کے دوران، جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اسلام آباد جانے کے لیے تیار ہیں کیونکہ آئی ایم ایف کا اجلاس ہونا ہے، جس کے بعد عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔درخواست گزار کے وکیل نے وزیر اعلیٰ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، جن میں پنجاب سمیت مختلف علاقوں کے مقدمات شامل تھے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ سے بات چیت جاری ہے اور پنجاب پولیس سے مقدمات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید وقت درکار ہے کیونکہ اس عمل میں کچھ وقت لگے گا، اور وہ تین ہفتوں میں مکمل رپورٹ عدالت میں جمع کر دیں گے۔جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے اس موقع پر ریمارکس دیے کہ وزیر اعلیٰ ایک عوامی نمائندہ ہیں اور ان کے پاس دیگر ذمہ داریاں بھی ہیں، اس لیے وہ روزانہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔عدالت نے وزیر اعلیٰ کے پی کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔