ٹرمپ اور شی جن پنگ میں آبنائے ہرمز کھلی رکھنے پر اتفاق

ٹرمپ اور شی جن پنگ میں آبنائے ہرمز کھلی رکھنے پر اتفاق

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے اور توانائی کی آزادانہ ترسیل کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق بیجنگ میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی توانائی سپلائی چین کی روانی برقرار رکھنے کے لیے آبنائے ہرمز میں آمدورفت بلا رکاوٹ ہونی چاہیے۔امریکی موقف کے مطابق توانائی کی آزادانہ ترسیل عالمی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی رکاوٹ قبول نہیں کی جا سکتی۔دوسری جانب چینی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی نئی سمت کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کو تعمیری اور اسٹریٹجک طور پر مستحکم تعلقات کی طرف بڑھنا چاہیے۔

چینی صدر نے کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان تعاون نہ صرف دونوں ممالک بلکہ عالمی امن اور معاشی استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔ ان کے مطابق نئے تعلقاتی فریم ورک سے آنے والے برسوں میں دوطرفہ روابط کو مزید استحکام ملے گا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کو عالمی سطح پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ اور توانائی کی ترسیل کے معاملات عالمی توجہ کا مرکز ہیں۔