قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ کے ایک جواب پر ایوان میں دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی اور ارکان اسمبلی بھی ہنس پڑے۔
وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی وجہ سے تقریباً 30 لاکھ افراد خطِ غربت سے باہر نکل آئے ہیں۔ تاہم جب ایک رکن نے سوال کیا کہ یہ بھی بتایا جائے کہ کتنے لوگ خطِ غربت سے نیچے چلے گئے ہیں تو وزیر نے جواب دیا کہ تقریباً 40 لاکھ افراد خطِ غربت سے نیچے بھی چلے گئے ہیں۔ اس جواب پر ایوان میں قہقہے لگ گئے۔اجلاس کے دوران رکن اسمبلی نعیمہ کشور نے ایوان میں انٹرنیٹ کی خراب صورتحال پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیپر لیس اسمبلی کا اعلان کیا ہے لیکن یہاں انٹرنیٹ ہی درست طریقے سے کام نہیں کر رہا۔
انہوں نے اپنا آئی ٹیب ایوان میں دکھاتے ہوئے کہا کہ اس میں انٹرنیٹ نہیں چل رہا، اور ارکان کی اکثریت ڈیجیٹل نظام سے پوری طرح واقف بھی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کم از کم تکنیکی عملہ فراہم کیا جائے تاکہ ارکان مؤثر انداز میں اپنی رائے دے سکیں۔اجلاس میں ان واقعات کے باعث ماحول کچھ دیر کے لیے خوشگوار اور غیر رسمی رہا، جبکہ ارکان کی جانب سے مختلف مسائل پر گفتگو بھی جاری رہی۔