کرسٹیانو رونالڈو کے 2026 ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق اہم وضاحت سامنے آ گئی

کرسٹیانو رونالڈو کے 2026 ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق اہم وضاحت سامنے آ گئی

پرتگال کے 41 سالہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے 2026 فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے امکانات مضبوط دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ روبرٹو مارٹینیز ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو کی حالیہ فارم اور فٹنس نے ان تمام قیاس آرائیوں کو کمزور کر دیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ سعودی کلب النصر میں کھیلنے سے ان کی بین الاقوامی سطح پر کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ اس کے برعکس انہوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی فارم برقرار رکھی ہے۔رونالڈو نے گزشتہ 30 بین الاقوامی میچز میں 25 گول اسکور کیے ہیں، جبکہ 2025 نیشنز لیگ کے فائنل میں اسپین کے خلاف بھی اہم گول کیا۔ کلب سطح پر بھی وہ مسلسل بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں اور النصر کے لیے 100 سے زائد گول مکمل کر چکے ہیں۔

حالیہ ہیمسٹرنگ انجری کے باوجود رونالڈو تیزی سے صحتیاب ہو کر دوبارہ بہترین جسمانی حالت میں واپس آئے ہیں، جس سے ان کی فٹنس پر اٹھنے والے سوالات بھی کم ہو گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق 2026 کا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ بھی ہو سکتا ہے، جس سے شائقین میں اس ایونٹ کو دیکھنے کے لیے مزید دلچسپی بڑھ گئی ہے۔فٹبال شائقین ایک بار پھر کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے ممکنہ آخری بڑے ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے آنے کے منتظر ہیں، جسے فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی رقابتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔