کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے پہلے ارب پتی فٹبالر بن گئے، دولت 1.4 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئی

کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے پہلے ارب پتی فٹبالر بن گئے، دولت 1.4 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئی

ویب ڈیسک: پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے پہلے ارب پتی فٹبالر بن گئے ہیں، جن کی مجموعی دولت کا تخمینہ 1.4 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس نے پہلی مرتبہ 40 سالہ پرتگالی اور سعودی کلب النصر کے اسٹرائیکر رونالڈو کی دولت کا اندازہ جاری کیا، جس نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا۔رپورٹ کے مطابق رونالڈو نے 2002ء سے 2023ء کے دوران 55 کروڑ ڈالرز بطور تنخواہ کمائے، جب کہ ان کی آمدنی میں اشتہاراتی معاہدے، اسپانسر شپ اور سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی رقم بھی شامل ہے۔رونالڈو کا نائکی (Nike) کے ساتھ ایک دہائی طویل معاہدہ ہے جس کی مالیت سالانہ تقریباً 1.8 کروڑ ڈالرز ہے۔

انہوں نے 2022ء میں سعودی پرو لیگ کی ٹیم النصر جوائن کی، جس کے بعد وہ دنیا کے سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے فٹبالر بن گئے — ان کی سالانہ تنخواہ 23 کروڑ 69 لاکھ ڈالرز ہے۔رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے اپنا ابتدائی معاہدہ، جو جون 2025ء میں ختم ہونا تھا، مزید 2 سال کے لیے توسیع دے دی ہے۔ نیا معاہدہ 40 کروڑ ڈالرز سے زائد کا ہے، جس کے تحت وہ اپنی 42ویں سالگرہ کے بعد بھی النصر کلب کے ساتھ کھیلتے رہیں گے۔