شہزادی ڈیانا کس پیشے سے منسلک ہونا چاہتی تھیں؟ نایاب خط میں انکشاف

شہزادی ڈیانا کس پیشے سے منسلک ہونا چاہتی تھیں؟ نایاب خط میں انکشاف

برطانوی شاہی خاندان کی معروف شخصیت شہزادی ڈیانا کا 1979ء میں ہاتھ سے لکھا گیا ایک نایاب خط نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے، جس نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے۔

نیلامی کے لیے اس خط کی ابتدائی متوقع قیمت تقریباً 4,000 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔ یہ خط اس وقت لکھا گیا تھا جب شہزادی ڈیانا کی عمر صرف 17 سال تھی۔خط 1 فروری 1979ء کو خاندانی دوست ملڈرڈ لیسی کے نام لکھا گیا تھا، جس میں ڈیانا نے اپنے والد جان اسپینسر کی علالت کے دوران ان کی جانب سے اظہارِ تشکر کیا تھا۔ خط میں انہوں نے بتایا کہ ان کے والد فالج کے باعث خود جواب دینے کی حالت میں نہیں تھے، اس لیے وہ ان کی طرف سے شکریہ ادا کر رہی ہیں۔خط کے ایک حصے میں ڈیانا نے اپنے ذاتی خواب کا بھی ذکر کیا اور لکھا کہ وہ مستقبل میں پیشہ ور رقاصہ بننا چاہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ رقص سیکھنے کے لیے جگہ تلاش کر رہی ہیں اور یہ ان کا بچپن کا خواب ہے۔شہزادی ڈیانا بچپن سے ہی بیلے ڈانس کی شوقین تھیں اور اسکول کے زمانے میں رقص کے مقابلوں میں بھی حصہ لیتی رہیں۔ تاہم بعد ازاں ان کا قد اور ٹانگ کی انجری ان کے پیشہ ور بیلے ڈانسر بننے کی راہ میں رکاوٹ بن گئے۔

ڈیانا کی زندگی میں رقص کا ایک مشہور لمحہ 1985ء میں سامنے آیا جب انہوں نے وائٹ ہاؤس میں امریکی اداکار جان ٹراوولٹا کے ساتھ رقص کیا، جسے آج بھی شاہی تاریخ کے یادگار لمحات میں شمار کیا جاتا ہے۔ اسی سال ایک شاہی تقریب میں انہوں نے گلوکار بلی جوئل کے گانے پر بھی پرفارمنس دی تھی۔یاد رہے کہ شہزادی ڈیانا 1997ء میں پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئی تھیں، تاہم ان کی ذاتی زندگی، خطوط اور یادگار اشیاء آج بھی دنیا بھر میں دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔