بیورلی ہلز: دنیا بھر میں شہزادی ڈیانا کے مداحوں کے لیے ایک یادگار موقع سامنے آیا ہے جہاں ان کی ذاتی اشیاء اور ملبوسات کی سب سے بڑی نیلامی کا آغاز ہو چکا ہے۔
یہ نیلامی عالمی شہرت یافتہ نیلام گھر جولیئنز آکشنز کی جانب سے "Princess Diana’s Style & A Royal Collection" کے عنوان سے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ڈیانا کی 100 سے زائد نایاب اور قیمتی اشیاء نیلامی کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
نیلامی میں شامل اہم اشیاء:
بیل ویل ساسون کا تیار کردہ پھولوں والا لباس، جو شہزادی نے 1988 سے 1992 کے درمیان کئی مواقع پر پہنا، بشمول اسپین کے دورے، جس کی متوقع قیمت 2 سے 3 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔کیتھرین واکر کا تیار کردہ کریم سلک ایوننگ گاؤن، جو ڈیانا نے 1986ء کے خلیجی ممالک کے دورے میں زیب تن کیا، اس کی قیمت بھی 2 سے 3 لاکھ امریکی ڈالر متوقع ہے۔
ایک ہینڈ بیگ جو انہیں فرانس کی خاتونِ اول کی جانب سے تحفے میں ملا تھا۔ایک پیچ رنگ کی ٹوپی جو ڈیانا نے 1981ء میں ہنی مون پر روانگی کے وقت پہنی تھی۔روزمرہ استعمال کی اشیاء، خطوط، جوتے، ہیٹ، بیگز وغیرہ۔نیلامی کا باقاعدہ انعقاد رواں ماہ کے اختتام پر بیورلی ہلز کے دی پینیسولا ہوٹل میں ہوگا، تاہم آن لائن بولی کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔
شہزادی ڈیانا کا فلاحی ورثہ
یاد رہے کہ شہزادی ڈیانا نے 1997ء میں اپنی زندگی کے دوران بھی 80 ملبوسات نیلام کر کے کینسر اور ایڈز کے فنڈز کے لیے 3.2 ملین ڈالر جمع کیے تھے، جو ان کے فلاحی جذبے کی ایک روشن مثال ہے۔یہ نیلامی نہ صرف ڈیانا کے مداحوں کے لیے ایک نایاب موقع ہے بلکہ ان کے شاندار فیشن، ذاتی زندگی اور انسانیت سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ذریعہ بھی بن رہی ہے۔