شہزادی ڈیانا کی زندگی پر خفیہ فلم میں میگھن مارکل کے اہم کردار ادا کرنے کا امکان

شہزادی ڈیانا کی زندگی پر خفیہ فلم میں میگھن مارکل کے اہم کردار ادا کرنے کا امکان

لندن: ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری کی جانب سے اپنی والدہ، آنجہانی شہزادی ڈیانا کی زندگی پر مبنی ایک خفیہ فلمی پروجیکٹ پر کام شروع کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس میں ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے لیے بھی اہم کردار زیرِ غور ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری گزشتہ ماہ اہلیہ میگھن مارکل اور بچوں، شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ہمراہ طویل قیام کے لیے برطانیہ واپس آئے تھے۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری شہزادی ڈیانا کی زندگی پر مبنی اس پروجیکٹ میں میگھن مارکل کو شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ شہزادہ ہیری کی خواہش ہے کہ میگھن مارکل فلم میں شہزادی ڈیانا کی کہانی کی راوی کے طور پر اہم کردار ادا کریں۔ اس صورت میں میگھن کا کردار محض مختصر اداکاری تک محدود نہیں ہوگا بلکہ وہ فلم میں ڈیانا کی زندگی کی کہانی اپنی آواز میں بیان کرتی نظر آسکتی ہیں۔رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری بھی اپنی والدہ کی کہانی میں بیٹے کے کردار کے طور پر شامل ہوسکتے ہیں، تاہم اس پروجیکٹ سے متعلق حتمی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔واضح رہے کہ شہزادی ڈیانا 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہوئی تھیں۔