امریکا: فلوریڈا میں نجی طیارہ گر کر تباہ، 9 افراد ہلاک، رہائشی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی

امریکا: فلوریڈا میں نجی طیارہ گر کر تباہ، 9 افراد ہلاک، رہائشی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی

واشنگٹن: امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک نجی کاروباری طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

حادثے کے بعد علاقے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ سڑک پر بڑا گڑھا پڑ گیا اور طیارے کا ملبہ دور دور تک پھیل گیا۔امریکی میڈیا اور حکام کے مطابق حادثہ اتوار یکم نومبر کو پام بیچ کاؤنٹی کے علاقے گرین ایکر کے قریب پیش آیا۔ طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 12 بج کر 50 منٹ پر کریسٹ ہیون کے رہائشی علاقے میں گرا۔حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ Learjet 60 تھا، جو ٹیکساس کے شہر آسٹن کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بہاماس کے نارتھ ایلیوتھیرا ایئرپورٹ کی جانب پرواز کر رہا تھا۔امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے تصدیق کی کہ طیارے میں سوار تمام 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ تاہم فوری طور پر ہلاک ہونے والوں کی شناخت اور یہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ ان میں کتنے مسافر اور عملے کے ارکان شامل تھے۔

حادثے کے نتیجے میں سڑک پر گہرا گڑھا پڑ گیا، گاڑیوں اور قریبی عمارتوں کے اطراف طیارے کا ملبہ بکھر گیا جبکہ جائے حادثہ پر آگ لگنے سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ مقامی حکام کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر تقریباً 600 افراد کو متاثرہ علاقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ مار اے لاگو سے بھی حادثے کا مقام چند میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ تاہم حادثے کے وقت صدر ٹرمپ فلوریڈا سے روانہ ہو چکے تھے۔

حادثے سے قبل پائلٹ کی ایمرجنسی کال

امریکی میڈیا کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول سے موصول ہونے والی آڈیو ریکارڈنگ میں حادثے سے کچھ دیر قبل پائلٹ کو طیارے میں برف جمنے، خراب موسم اور شدید فضائی بے چینی کی اطلاع دیتے ہوئے سنا گیا۔پائلٹ نے موسم کی صورتحال کے باعث بلندی میں اضافے کی درخواست بھی کی، تاہم کچھ ہی دیر بعد طیارہ تیزی سے نیچے کی جانب گرنے لگا اور پائلٹ نے ایمرجنسی کال کرتے ہوئے مدد طلب کی۔فضائی ٹریفک کنٹرول کو دی گئی اطلاع میں پائلٹ نے بتایا کہ طیارہ انتہائی تیز رفتاری سے نیچے آ رہا ہے اور اس کی رفتارِ نزول غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے۔ اس کے بعد پائلٹ نے کہا کہ طیارہ زمین سے ٹکرانے والا ہے۔

تحقیقات شروع، سینکڑوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق تحقیقات میں طیارے کی تکنیکی حالت، موسم، پرواز کے ریکارڈ اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہونے والی آخری گفتگو کا جائزہ لیا جائے گا۔حکام نے متاثرہ علاقے میں سڑکیں بند کرکے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زمین پر موجود کسی شخص کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔